بھارت سے فوری طور پر خوراک اور دیگر اشیا کی درآمد کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، دفتر خارجہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس ستمبر کے دوسرے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکریٹری جنرل پاکستان میں اپنے دو روزہ دورے کے دوران سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جائیں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے بھارت سے خوراک اور دیگر اشیا کی درآمد کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں میں غیرمعمولی موسم کے باعث شدید تباہی ہوئی گیارہ سو سے زائد ہلاکتیں جبکہ سولہ سو سے زائد شہری زخمی ہوئے۔ حکومت نے ایک مربوط ریسکیو و ریلیف آپریشن شروع کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر فلیش اپیل کی ہے۔ رسپانس پلان میں ایک سو تریسٹھ ملین ڈالرز کا تخمینہ لگایا گیا جو کہ متاثرین ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہے۔

عاصم افتخار احمد نے کہا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نو اور دس ستمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے اور وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتوں کے علاوہ دوسرے روز سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ آج بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے مرحوم کشمیری رہنما سید علی گیلانی کو باوقار تدفین نہ دینے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ بھارت سے فوری طور پر متاثرین کے لیے خوراک یا دیگر اشیا درآمد کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ پاکستان کے خلاف کرکٹ کھیلنے سے انکار بھارت نے کیا تھا۔ اگر وہ کھیلنا چاہیں گے تو خوش آئند ہوگا۔

عاصم افتخار نے کہا کہ حالیہ مون سون عام نہیں تھی مون سون کے ساتھ ساتھ جنگلات میں آگ اور درجہ حرارت میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ موسمیاتی غیرمعمولی تبدیلیوں کے باعث ہے۔ اب تک مختلف ممالک سے اکیس پروازیں پاکستان میں امدادی سامان پہنچا چکی ہیں۔ ٹرین اور زمینی راستے سے آنے والا سامان علیحدہ ہے۔ فرانس کی جانب سے اعلی معیار کے واٹر پمپس سیلاب زدہ علاقوں سے پانی نکالنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ ترجمان نے علامہ خادم حسین رضوی سے اپنی کسی قسم کی رشتہ داری کی بھی تردید کی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More