اسلام آباد:ملک میں ہفتہ واربنیادوں پرمہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ صفر چھ فیصد کی معمولی کمی آئی ہے جبکہ سالانہ بنیاد پر ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح انیس اعشاریہ تین چھ فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمارکے مطابق ایک ہفتے میں چوبیس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، سات اشیائے ضروریہ کی قیتموں میں کمی اور بیس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر 15 روپے 69 پیسے فی کلومہنگے ہوگئے۔ لہسن 10 روپے 95 پیسے فی کلو،دال چنا 2 روپے 44پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ بیف 9 روپے 26 پیسےفی کلو ،مٹن 17 روپے فی کلو مہنگاہوا۔ آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 3 روپے 12پیسے فی کلو مہنگاہوا ۔
ایک ہفتے میں چاول، کوکنگ آئل، تازہ دودھ اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر مہنگا ہوا۔ رپورٹ کے مطابق برائلر مرغی 15 روپے 71 پیسے فی کلو سستی ہوئی، پیاز 1 روپے 88 پیسے،آلو 81 پیسے فی کلو سستے ہوئے،انڈے 2 روپے 98 پیسے فی کلو سستے ہوئے،چینی کی قیمت میں 36 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔ چینی کی فی کلو قیمت 92 روپے 22 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔