لاہور: گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی مضبوطی میں اورسیز پاکستانیوں کامثالی کردار ہے۔ حکومت نے اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا وعدہ پورا کر دیاہے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے اورسیز پاکستانیوں کے وفد نےملاقات کی ۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر چوہدری سرور نے کہا کہ پہلا اورسیز گلوبل کنونشن 23 دسمبر کو گورنر ہاؤس لاہور میں ہوگا۔ وزیر اعظم عمران خان اورسیز گلوبل کنونشن کے مہمان خصوصی ہونگے ۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران کا مشن پاکستان کو مضبوط و خوشحال بنانا ہے۔ پاکستان میں پہلی بار اداروں میں اصلاحات پر کام ہورہا ہے۔ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی الیکشن 2023 میں ہونگے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اورسیز پاکستانی جس جس ملک میں رہتے ہیں وہاں کی سیاست میں بھی بھرپور حصہ لیں۔بھارت کےعزائم کو ناکام بنانے کے لیے اورسیز پاکستانیوں کو یورپ کی سیاست میں آگے بڑھنا ہوگا۔