Urdu
پاکستان تازہ ترین

حمزہ شہباز نے حلف برداری نہ ہونے کے خلاف دوبارہ لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے حلف برداری کی تقریب منعقد نہ ہونے کے خلاف دوبارہ لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ گورنر کا منتخب وزیراعلیٰ سے حلف نہ لینا سیاسی شعبدہ بازی اور بدنیتی ہے۔ آفس اعتراضات ختم ہونے کے بعد حمزہ شہباز کی درخواست اکیس اپریل کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی کے روبرو سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔

نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے حلف برداری کی تقریب منعقد نہ ہونے پر دوبارہ لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ انیس اپریل کو لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلی پنجاب کے عہدے کے حلف کیلئے حمزہ شہباز کی درخواست نامکمل ہونے کی بنا پر واپس کردی تھی۔ رجسٹرار آفس نے دروان سکروٹنی مطلوبہ دستاویزات مکمل لف نہ ہونے پر درخواست واپس کی تھی۔ نومنتخب وزیراعلی حمزہ شہباز نے گورنر کے حلف سے انکار پر دوبارہ لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب، گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، پنجاب حکومت، اسپیکر پنجاب اسمبلی، ڈپٹی اسپیکر اور سیکرٹری اسمبلی کو بھی فریق بنایا گیا۔

رجسٹرار آفس نے وزیراعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کی درخواست پر آج دوبارہ اعتراض عائد کیا۔ رجسٹرار آفس نے درخواست میں گورنر پنجاب کو فریق بنانے کا اعتراض کیا کہ گورنر پنجاب کے خلاف درخواست کیسے قابل سماعت ہے؟ رجسٹرار آفس نے عثمان بُزدار کے استعفیٰ کی کاپی کو لف نہ کرنے کا بھی اعتراض عائد کیا۔ بعد ازاں حمزہ شہباز کے وکلا نے اعتراضات ختم کرکے درخواست میں گورنر پنجاب کی بجائے سیکرٹری ٹو گورنر کو فریق بنا دیا۔ آفس نے درخواست سماعت کیلئے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کے روبرو اکیس اپریل کو سماعت کیلئے مقرر کردی۔

حمزہ شہباز کی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عثمان بُزدار کا استعفی یکم اپریل سے منظور ہوچکا اور وزیراعلیٰ کا دفتر تب سے خالی ہے۔ گورنر کا منتخب وزیراعلیٰ کو حلف کیلئے بلانا آئینی روایت ہے جبکہ آئینی روایات کی خلاف ورزی درحقیقت آئین سے انحراف ہے۔۔ گورنر پنجاب آئینی بحران پیدا کرنا چاہتے ہیں اور آئینی احکامات سے روگردانی اور پارلیمنٹ کی روح کی تضحیک کے مرتکب ہورہے ہیں۔ درخواست میں لکھا گیا کہ آئین میں گورنر کو بادشاہ کی طرح کے اختیارات حاصل نہیں ہیں مگر گورنر پنجاب نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف نہیں لے رہے۔ گورنر پنجاب کا درخواستگزار سے حلف نہ لینا سیاسی شعبدہ بازی اور بدنیتی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ گورنر پنجاب کو بلاتاخیر حمزہ شہباز سے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف لینے کا حکم دیا جائے اور گورنر کے حلف نہ لینے کی صورت میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عہدے کا حلف لیں۔

Related posts

وفاقی حکومت کو گرانا کوئی مسئلہ نہیں، فواد چوپدری

Hassam alam

حسن ابدال میں بابا گرونانک کے جنم دن کی تین روزہ تقریبات کا آغاز

Rauf ansari

پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی

Rauf ansari

Leave a Comment