Urdu
پاکستان تازہ ترین عدالتیں و مقدمے

شوگرانکوائری کیس:شہبازاورحمزہ شہبازکی عبوری ضمانت میں گیارہ دسمبرتک توسیع

لاہور کی بینکنگ عدالت نے شوگر انکوائری کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت تمام ملزموں کی عبوری ضمانت میں گیارہ دسمبر تک توسیع کردی۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ایف آئی اے نامکمل چالان کی حتمی تاریخ دے، ورنہ تمام تفتیشی ٹیم کو شوکاز نوٹس دیا جائے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ان کے اکاؤنٹ میں ایک دھیلہ تک نہیں آیا مگربے نامی دار رکھنے کا الزام لگا دیا گیا۔

ایف آئی اے کی جانب سے شوگر ملز منی لانڈرنگ اور جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز عبوری ضمانت کیلئے بینکنگ عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزم مسرور انور، شعیب قمر، کاشف مجید، محمد عثمان نے بھی حاضری مکمل کروائی۔

بینکنگ عدالت کے جج سردار طاہر صابر نے مقدمہ کے چالان سے متعلق استفسار کیا تو ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزم عثمان کا اس کیس میں بہت اہم کردار ہے اس کیس میں اس نے ضمانت کروا لی ہے ملزم ابھی شامل تفتیش نہیں ہوا۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے چالان جمع کروانے کیلئے مزید دو ہفتوں کی مہلت کی استدعا کی جس پرعدالت نے ریمارکس دئیے کہ تفتیش مکمل کرنے کا وقت پورا ہوئے زمانہ بیت گیا۔ ملزم فریق کو تو اچھا لگتا ہے چاہے آپ دو ماہ کی تاریخ لے لیں۔

ملزمان کے وکلا نے بتایا کہ شریک ملزمان پہلے ہی شامل تفتیش ہوچکے ہیں۔ ملزم عثمان کو اشتہاری قرار دیا گیا جبکہ ملزم جیل میں قید تھا۔ شہباز شریف نے بیان میں کہا رمضان شوگر ملز سے کوئی تعلق نہیں یہ ان کے والد کی تھی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ یہ باتیں پہلے ہی نوٹ کرچکے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اللہ جب مجھ سے پوچھے گا کہ اس صوبے کے عوام کیلئے کیا تو میں کہوں گا میں نے غریب عوام کے پیسے بچائے۔ ساری باتیں اس لئے کیس سے متعلق ہیں کیونکہ مجھ پر بے نامی دار رکھنے کا الزام ہے۔ عدالت نے شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت تمام ملزموں کی عبوری ضمانت میں گیارہ دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کو چالان پیش کرنے کی آخری مہلت دے دی۔

Related posts

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 44 افراد جاں بحق

Hassam alam

پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کے اپنے مافیاز ہیں، تینوں نے عوام کو یرغمال بنایا

Hassam alam

کراچی میں بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے، الیکشن کمیشن

Hassam alam

Leave a Comment