شمالی وزیرستان، دہشگردوں کیخلاف کارروائی میں 5 جوان شہید، کمانڈر سمیت 5 دہشتگرد ہلاک

شمالی وزیرستان میں دو مختلف واقعات میں پانچ جوان شہید جبکہ کمانڈر سمیت پانچ دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں آج دہشت گردوں کیخلاف آئی بی او کیا گیا، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔ مارے گئے ملزمان سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، دہشت گرد کئی تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے، جس میں انہوں نے سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

بیان کے مطابق دو طرفہ فائرنگ میں 5 فوجی جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا، جن میں وانا جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ کیپٹن عبدالولی، ایبٹ آباد کے 45 سالہ نائب صوبیدار نواز، سرگودھا کے 34 سالہ حوالدار غلام علی، میانوالی کے 33 سالہ لانس نائیک الیاس اور میانوالی کے 29 سالہ سپاہی ظفر اللہ شامل ہیں۔

دوسرا آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کیا گیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر طفیل مارا گیا، جو سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More