اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ عمران خان اور وزیر داخلہ شیخ رشید دہشت گرد ہیں۔ انہوں نے بل پھاڑیں، توڑ پھوڑ کی، یہ دہشتگردی نہیں تو اور کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہا کہ کل یہاں ایک بہت بڑا مہنگائی مارچ اور جلسہ ہونے جارہا ہے جس کی تفصیلات بتا دی جائینگی۔ گزشتہ کل ہمارے قافلے کراچی ، گوادر،تربت سمیت دیگر علاقوں سے روانہ ہوئے۔سندھ کے قافلے نے رات سکھر میں گزاری جبکہ بلوچستان کے قافلوں نے پہلا پڑاؤکوئٹہ میں ڈالا اور اب ژوب کے راستے اسلام آباد کی جانب روان دواں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے قافلے کل مولانا فضل الرحمان کے قافلے کیساتھ اسلام آباد آئیں گے۔خیبر پختونخوا کے قافلے کل روانہ ہونگے۔کل تین بجے ملک بھر سے قافلے یہاں پہنچ جائنگے۔ کل سارے قافلے ہکلہ انٹرچینج پر جمع ہوجائنگے ۔یہ سارے قافلے عصر اور مغرب کے درمیان جلسہ گاہ پہنچ جائیں گے۔
انہوں نے کہا یہ تاریخ کا سب سے بڑا مہنگائی مارچ اور اجتماع ہوگا۔جبری مسلط ہونے والے حکمران اکثریت کھو بیٹھے ہیں۔ اخلاقی جواز ان کے پاس نہیں رہا پھر بھی مسلط ہیں۔اسپیکر نے آئین کی خلاف ورزی کی ،اسپیکر قومی اسمبلی مسلسل تاخیری حربے استعمال کررہے ہیںمگر اسپیکر صاحب ان تاخیری حربوں سے آپ عمران خان کو نہیں بچا سکتے ان کی کشتی ڈوب گئی ہے۔
عبدالغفور حیدری نے کہاحکومت بلاوجہ قوم کو تصادم کی طرف لے جارہی ہے۔وزیراعظم اور وزیر داخلہ دہشت گرد ہیں ۔یہ دہشتگردی کرچکے ہیں۔ شیخ رشید نے گھیراو جلاؤ کی بات کی ۔انہوں نے بل پھاڑیں ہیں۔ یہ دہشت گرد قوم پر مسلط ہیں ۔یہ دہشت گرد قوم پر مزید مسلط نہیں ہوسکتے۔
