سیلاب بڑا امتحان ہے، قوم کو اکھٹا ہو کر ایک دوسرے کی مدد کرنا ہو گی، عمران خان

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ سیلاب سے تباہی بڑا امتحان ہے اور قوم کو اکٹھا ہوکر ایک دوسرے کی مدد کرنی ہوگی، صرف پانچ گھنٹے میں دس ارب روپے پاکستانیوں نے اکٹھا کر کے مجھے دیا، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت بھرپور کردار ادا کریں۔

بستی چھٹانی میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے سیلاب متاثرین کیلئے فنڈز جمع کیئے لیکن دکھ اس بات کا ہے کہ متاثرین کی مدد کے لیئے منعقدہ ٹیلی تھون کے دوران امپورٹڈ حکومت نے اسے نشر ہونے سے روکا۔ بڑے مجرموں کو خوف ہے کہ ان کی کرسی نہ چلی جائے اور ان کی کرپشن نہ پکڑی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم انشااللہ پورے پاکستان میں متاثرین کی مدد کریں گے۔ پنجاب اور کے پی کی حکومت کے ساتھ مل کر تحریک انصاف پورے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے بھرپور کام کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا پنجاب اور کے پی کے میں ہماری حکومت سیلاب متاثرین کیلئے ہرممکن کوشش کریں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے گزارش کروں گا کہ تونسہ کو ضلع کا درجہ دیں۔ ڈیم بن جائے تو تونسہ کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ ہمارے ساڑھے 3 سالہ دور میں ڈیم کے لیے فزیبلٹی بن چکی اور ٹینڈر بھی دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت انڈس ہائی وے کو فوری طور پر بحال کرائے، دریائے سندھ رائٹ سائیڈ پر بینک کینال ہے وہاں نہر بیس سال سے بن رہی ہے، واپڈا نے سیہون تک نہر مکمل کرلی اور سندھ حکومت اب تک آگے نہ بڑھ سکی، آر بی او ڈی کام کر رہی ہوتی تو سندھ میں اتنی تباہی نہیں ہوتی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More