Urdu
پاکستان تازہ ترین

عمران خان نےاتوار 19جون کو رات 9 بجے احتجاج کی کال دے دی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 19 جون کو رات 9 بجے مہنگائی کے خلاف احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اتوار کو مہنگائی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کے لیے نکلے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان نے کہا کہ اس تماشے کے خاتمے کیلئے سب کو باہر نکلنا ہوگا ورنہ مزید مہنگائی ہوگی، اتوار کی رات 10 بجے قوم سے مخاطب ہوں گا، جس میں لائحہ عمل دینا چاہتا ہوں کہ ہمیں بحیثیت قوم کیا کرنا چاہیے، چاہتا ہوں پرامن احتجاج کیلئے سب اپنے شہروں میں نکلیں جس سے ان لوگوں کو پیغام جائے کہ ملک کو سنبھال نہیں سکتے تھے تو کیوں سازش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں مزید بڑھادی گئی ہیں، کیا ہمیں خاموش بیٹھنا چاہیے یا آواز اٹھانی چاہیے، ہمارے خلاف جو بھی سازش ہوئی تحریک عدم اعتماد آئی اس کا جواز مہنگائی کو بنایا گیا، ہمارے لوگ لوٹے بنے اور ہمارے اتحادی بھی چھوڑ گئے تھے، سب نے کہا بہت مہنگائی ہوگئی ہے ہم حلقوں میں نہیں جا پارہے۔ ن لیگ، پیپلز پارٹی، فضل الرحمان سب ایک ہی بات کررہے تھے کہ بہت مہنگائی ہوگئی، ملک تباہ ہوگیا، میڈیا بھی ان کی پشت پر کھڑا تھا، آج قوم کے سامنے حقائق رکھنا چاہتا ہوں، اللہ الحق ہے، اللہ کا وعدہ ہے سچ سامنے آئے گا، سچ چھپتا نہیں ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج کہتے ہیں بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں تو ملک کو ڈی ریل کیوں کیا، آج کہتے ہیں عالمی سطح پر قیمتیں بڑھ گئی ہیں،عالمی بحران ہے، ہم بھی تو یہ فیس کررہے تھے، بار بار بتا رہا تھا کہ عالمی مہنگائی سے اپنی عوام کو بچارہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ عام طور پر جب بھی حکومتیں جاتی ہیں کرپشن پر جاتی ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی دو دو بار حکومتیں کرپشن پر گئی، میں چیلنج کرتا ہوں کوئی بتادے کہ عمران خان نے کرپشن کی ہے۔ یہ ہمیں مہنگائی اور نااہل کے طعنے دیتے رہتے تھے، جب ہم گئے تو پٹرول 150 روپے فی لٹر تھا، ہمارے ساڑھے 3 سال میں پٹرول کی قیمت 50 روپے بڑھی، ہمارے دور میں بھی عالمی مہنگائی تھی، ہمیں بھی آئی ایم ایف نے کہا سبسڈی ختم کردیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے عوام کو بچانے کیلئے سبسڈی دی تھی، جب تیل کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے، ہمیں اندازہ تھا کہ غریب عوام مزید مہنگائی برداشت نہیں کرسکیں گے، آئی ایم ایف نے ہمیں کہا تیل کی قیمتیں بڑھائیں ہم نے 10 روپے کم کی اورمہنگائی سے لوگوں کو تحفظ دیا۔پی ٹی آئی چیئر مین نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اب تک 85 روپے پٹرول کی قیمت بڑھادی ہے، پٹرول کی قیمت آج 235 روپے فی لٹر ہے، ڈیزل ہم نے اپنے دور میں جان بوجھ کر کم رکھا تھا، ڈیزل ہمارے دور میں 145 روپے فی لٹر تھا، ڈیزل مہنگا ہوتا ہے تو ساری ٹرانسپورٹ مہنگی ہوجاتی ہے۔ کسان کو ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے بڑے مسائل ہوتے ہیں، کسانوں کو پہلے ہی مشکلات ہیں، بارشیں نہیں ہیں ڈیزل کی وجہ سے کسان مزید پریشان ہونگے، موجودہ حکومت نے ڈیزل کی قیمت 115 روپے بڑھائی، ڈیزل کی آج قیمت 260 روپے فی لٹرہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت 16 روپے فی یونٹ چھوڑ کر گئے تھے، آج بجلی کی قیمت 29.5 روپے فی یونٹ ہوگئی ہے، موجودہ حکومت نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتیں مزید بڑھائی جائیں گی۔

عمران خان نے کہا کہ 50 سال میں ملک میں کسی نے ڈیم نہیں بنایا تھا، ہماری حکومت میں ڈیم بننا شروع ہوئے، بلین ٹری سونامی کا اعتراف برطانوی وزیراعظم نے خود کیا۔ ہمارے خلاف ہونے والی سازش پر اتحادی ہمیں چھوڑ گئے تھے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت 20 ارب ڈالر کا تاریخی خسارہ چھوڑ کر گئی تھی، ہماری حکومت میں 178 اورآج ڈالر 208 روپے تک پہنچ گیا ہے، ہمیں نااہل کہتے تھے اکنامک سروے کے مطابق6فیصد گروتھ تھی۔ ہماری حکومت میں ملک میں خوشحالی آرہی تھی، ہماری حکومت نے کورونا کے دوران 55 لاکھ نوکریاں دیں، جب ملک ترقی کررہا تھا انہوں نے مہنگائی کا بہانہ بنایا، ان سب کا ایک ہی مقصد اربوں روپے کی چوری کے لیے این آراوٹولینا، شہبازشریف کا اوپن اینڈ شٹ کیس تھا بچ نہیں سکتا تھا، شہبازشریف اب خود ایف آئی اے کے اوپربیٹھ گیا ہے۔

Related posts

کرپشن میں اضافے پر سینیٹ سیکرٹریٹ میں تحریک التواء جمع، بحث کروانے کا مطالبہ

Rauf ansari

پی ٹی آئی نے فیس سیونگ کیلئے ڈیل کی درخواست کی، مریم نواز

Rauf ansari

اسٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 50 پوائنٹس کا اضافہ

Rauf ansari

Leave a Comment