لاہور: وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کہتے ہیں کہ ریاست کےلئے اپنی سیاست کی قربانی دی۔ ضمنی انتخابات میں شکست قبول کرتے ہیں، نوازشریف کو اب سچ بول کر وطن واپس آنا ہوگا، کسی کی غلطیوں کا وزن اٹھاکر اگلے الیکشن میں نہیں جانا چاہتے۔
لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے اعتراف کیا کہ مسلم لیگ نون کو حکومت کرنے کا مینڈیٹ نہیں تھا۔ تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں اتحادیوں سے مل کر حکومت بنائی اور اپنی سیاست قربان کرکے ریاست کو بچایا۔
جاوید لطیف کاکہناتھاکہ لوگ ہم سے سوال کرتے ہیں کہ نوازشریف ،مریم نواز جیل جا سکتے تو اس لاڈلے کو ہاتھ کیوں نہیں ڈالا جاتا، نیوٹرلز اس ضمنی الیکشن میں نیوٹرلز تھے یا نہیں چند دن بعد انکشاف کروں گا۔
وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہاکہ ضمنی انتخابات کے نتائج ٹکٹوں کی تقسیم اور پارٹی فیصلوں پر جماعت کے اندر بیٹھ کر بحث کریں گے، ضمنی الیکشن میں نوازشریف کو فتح ہوئی اور حکومت ہار گئی، جاوید لطیف نے نوازشریف کی وطن واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے کہاکہ اب انہیں ہر حال میں آنا پڑے گا اور قوم کو سچ بتانا پڑے گا۔
