وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا فتنہ اور فساد جلد عوام کے سامنے بے نقاب ہو جائے گا، کچھ لوگ اس ملک میں فساد پھیلانا چاہتے ہیں لیکن یہ سیاست کا نہیں بلکہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کا وقت ہے اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے حکومت اپنا کام کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا اور بجلی سپلائی میں رکاوٹ آئی تھی تاہم دن رات کی محنت کے بعد بجلی کا نظام مکمل بحال کر دیا ہے، اب صرف معمول کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے،خیبر پختونخوا میں سیلاب سے بجلی کے کھمبے بھی پانی میں بہہ گئے تھے، ملک میں خسارے والے فیڈرز میں معمول کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ کسی جتھے کے پاس جلسے کے لیے 10 کروڑ ہیں تو بہتر یہی تھا کہ وہ سیلاب متاثرین کے لیے استعمال ہوتے کیا سیلاب متاثرین کے لیے حکومت پنجاب کے پاس پیسے نہیں جبکہ حکومت پنجاب کے پاس وزرا کے لیے نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے 30 کروڑ روپے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور ایک دن بھی پیٹرول کی شارٹیج نہیں ہوئی، بجلی کے بلوں کا بہت دکھ تھا مگر وزیر اعظم نے فوری طور پر ریلیف دیا اور بجلی کی قیمت نیچے آئے گی، تمام اسٹیشن چلا کر لوڈشیڈنگ کو کنٹرول رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ڈھونڈتا رہا لیکن عمران خان کی تقریر میں سیلاب متاثرین کا ذکر نہیں تھا، جلسے میں ہمیں کوئی بتا دے کہ 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ کو کیسے امداد پہنچاتے، ہم نے متاثرین کو گھر بنا کر دینے ہیں اور کروڑوں لوگوں کو کھانا فراہم کرنا ہے۔