عمران خان جھوٹ بولنے سے باز نہیں آرہے ہیں، قوم کو گمراہ کر رہے ہیں، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹ بولنے سے باز نہیں آرہے ہیں، قوم کو گمراہ کر رہے ہیں، عمران خان کا کام فتنہ پھیلانا اورالزام تراشی کرنا ہے، عمران خان کہتے ہیں مجھے آزاد میڈیا سے خوف نہیں ہے لیکن جب میڈیا کی آزادی کا قتل کیا جا رہا تھا تو اس وقت عمران خان کہاں تھے؟ عمران خان کے دورمیں صحافیوں پرحملے ہوئے، ان پر پابندیاں لگیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کو والد کے سامنے گرفتارکیا گیا، ویڈیوز بنائی گئیں، جب رانا ثنااللہ پر20 کلو ہیروئین کا کیس ڈال کر گرفتار کیا تو اس وقت آپ ہی وزیراعظم تھے۔ جب کلثوم نواز انتقال کرگئیں تو عمران خان نے نمازجنازہ میں رکاوٹیں ڈالیں، کلثوم نواز لندن کے اسپتال میں داخل تھیں تو کہا گیا وہ ہوٹل میں ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے طیبہ گل کی ویڈیوز چیئرمین نیب کو دکھا کر انہیں بلیک میل کیا، جب توشہ خانہ لوٹا جا رہا تھا تو اس وقت وزیراعظم عمران خان تھے۔ عمران کے دور کو عالمی تنظیموں نے میڈیا کی آزادی کے حوالے سے بدترین دور قرار دیا، خیبرپختونخوا میں آج تک احتساب کمیشن کو تالا لگا ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر شہباز شریف یا سلیمان شہباز نے چوری کی توآپ اپنے دور میں ثابت کرتے، جب ہیرے لوٹے جا رہے تھے تواس وقت وزیراعظم آپ تھے۔ یہ جو آج پمزاسپتال میں لیٹا ہوا ہے یہ مکافات عمل ہے، وقت بدلنے میں دیرنہیں لگتی۔

مریم اورنگزیب نے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور استفسار کیا کہ جس نے بھارت ، اسرائیل اورامریکہ سے پیسہ لیا ہو وہ ملک کو آزادی دلائے گا؟ انہوں نے کہا کہ میڈیا سمیت پورا ملک آزاد ہو چکا ہے اب آپ کے اندر جانے کا وقت ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More