شوکت ترین نےعمران خان کی خاطر ملکی مفاد کا خیال بھی نہیں رکھا، مفتاح اسماعیل

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ کیا شوکت ترین کیلئے عمران خان اتنے اہم ہوگئے کہ انہوں نے ملک کے مفاد کا خیال بھی نہیں رکھا۔ شوکت ترین بتائیں کیا آڈیو لیک میں ان کی آواز نہیں۔ آپ آئی ایم ایف کی چھٹی کرا رہے تھے یا پاکستان کی؟۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ جن کی بیویاں انگوٹھیاں لیتی ہیں کیا وہ ہمیں سبق دیں گے۔ ملک کی معیشت تباہ کرنے والی پی ٹی آئی قیادت اب سیاست کر رہی ہے۔ شوکت ترین پاکستان کی وجہ سے ہی وزیرخزانہ بنے تھے اور ان کی باتیں سمجھ سے باہر ہیں۔تحریک انصاف کوسیاست کرنی ہےتوکرلے لیکن قوم آپ کومعاف نہیں کرےگی۔ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہم تو آئی ایم ایف کی ستمبر میں چھٹی کروا دیتے لیکن یہ تو ملک کو دیوالیہ کی طرف دھکیل رہے تھے اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے شہباز شریف نے بچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیر کو آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ تھی اور جمعہ کو یہ انکار کرنے کا کہہ رہے تھے۔ شوکت ترین نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کو خط لکھا لیکن انہوں نے جھوٹ بولا کہ خط کسی کو نہیں بھیجیں گے۔ شوکت ترین نے خود کہا کہ خط آئی ایم ایف نمبر ٹو کو بھجوا دو۔ کیا ان کی کال منظر عام پر نہیں آئی اور کیا وہ آواز شوکت ترین کی نہیں تھی ؟

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پنجاب کے بیوروکریٹس نے خط لکھنے سے انکار کر دیا لیکن خیبر پختونخوا کے وزیر نے خود خط لکھا۔ ہمارے لیے پاکستان کا مفاد سب سے اہم ہے اور عمران خان پاکستان سے تو بڑے نہیں۔ عمران خان تو ملک کا قرض اتارنے آئے تھے لیکن انہوں نے ملکی قرضوں میں ریکارڈ اضافہ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو شہباز شریف 25 ہزار روپے دے رہے ہیں۔ سندھ میں کپاس کی فصل تباہ ہو گئی ہے اور گنے کی فصل کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے لیکن آپ اس وقت سیاست کر رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ آج خیبر پختونخوا میں اسکولوں کی حالت دیکھ لیں۔ یہ خود روس سے تیل کیوں نہیں لے کر آئے اور یہ بتائیں کیا روسی تیل پاکستانی ریفائنری میں چلتا ہے۔ عمران خان نے کہا عدم اعتماد ناکام ہو جائے تو میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھا دوں گا، عمران خان کے پاس پیسے کہاں سے آتے ہیں وہ خود بتا دیں تو ہم بھی بتا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مانتے ہیں مہنگائی بہت زیادہ ہو گئی ہے تاہم اب ملک کی معیشت سنبھل گئی ہے، ہم جانتے ہیں ٹماٹر کی قیمت 300 سے400 روپے کلو تک گئی لیکن افغانستان سے پیاز آ گیا ہے جس سے بہتری ہو گی۔ ہم کاٹن امپورٹ کرنے کی اجازت دیں گے اور وزیر اعظم نے ایران اور ترکی سے بھی پیاز ٹماٹر منگوانے کا کہا ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اگلے دو ماہ میں مہنگائی کو قابو کر لیں گے اور جنوبی پنجاب میں بھی کپاس کی 5 فیصد فصل خراب ہو گئی ہے لیکن اگر آپ نے اس موقع پر سیاست کرنی ہے تو کر لیں قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More