کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کل یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ استعفیٰ دیں ورنہ شہر کے دروازے بند کردیں گے۔
کراچی پریس کلب کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ خواتین پر تشدد کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ پر امن مظاہرین پر تشدد کے خلاف کل یوم سیاہ منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیں دوبارہ للکارہ ہے، ڈاکو کراچی پر مسلط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی اے صداقت حسین پرتشدد کا حساب لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ماؤں، بہنوں پرڈنڈے برسائے گئے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینرنے کہا کہ ہم جمہوریت کو واحد راستہ سمجھتے ہوئے پاکستان کی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں، وزیراعظم کو فوری کراچی آنا چاہیے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم آئی جی اورڈی آئی جی کومعطل کریں۔