لاہور: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ عوام اپوزشن جماعتوں کے قائدین کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں۔ حکومت کو گھر بھیجنے کی باتیں کرنے والوں کو خفت اٹھانا پڑے گی جبکہ عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نےلاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کیخلاف سازشیں کررہی ہے۔پیٹ پھاڑ کر پیسے نکالنے والے ایک دوسرے کو کھانے کھلا رہے ہیں۔زندہ دلان کاشہر اپوزیشن جماعتوں کی ایک ایک چال سے واقف ہے۔یہ ایسے لوگ ہیں جن کے چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں چار ارب روپے آئے۔
انہوں نے کہا پہلے بھی یہ لوگ حکومت جانے کا شور مچا چکے ہیں لیکن یہ خاطر جمع رکھیں حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔حماد اظہر نے مزید کہاکہ لاہور میں بلدیاتی امیدواروں کے حوالے سے ابھی فیصلہ نہیں ہوا تاہم تحریک انصاف کا پہلا مرحلہ تنظیم سازی کا تھا جسے مکمل کر لیا گیا ہے۔