پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست دیدی

ایشیا کپ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست دیکر سپر فور کے لیئے کوالیفائی کر لیا۔ شاداب اور محمد نواز نے ہانگ کانگ کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا کر رکھ دیئے۔

شارجہ میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے پہلے راؤنڈ کے آخری میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست دے کر سپر فور کے لیئے کوالیفائی کر لیا۔ ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت علی نے ٹاس جیت کرپاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابر اعظم نے کیا لیکن بابر 9 رنز بناکر احسان خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، فخر زمان نے 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 41 گیندوں پر 53 رنز بنائے اور احسان خان کی گیند پر اعزاز خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 57 گیندوں پر 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ خوشدل شاہ طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے آخری 4 گیندوں پر 4 چھکے لگائے، انہوں نے 5 چھکوں کی مدد سے 15 گیندوں پر 35 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ پاکستان نے اپنے مقررہ بیس اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے اور ہانگ کانگ کو جیتنے کے لیئے 194 رنز کا ہدف دیا۔

ہانگ کانگ کے ابتدائی اوورز میں نسیم شاہ نے دو جب کہ دھانی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جس کے بعد پاکستانی اسپنرز شاداب خان اور محمد نواز نے ہانگ کانگ کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔ شاداب خان نے چار جب کہ محمد نواز نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان سوپر فور مرحلے میں اتوار کے روز بھارت کے خلاف میچ کھیلے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More