اسلام آباد:مسلم لیگ نون کی ترجمان نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کو غیر آئینی قراردینے کا خیرمقدم کیا ہے ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئین کی سربلندی کا فیصلہ دیاجو لائق تحسین ہے ۔
لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے پیکاترمیمی آرڈیننس کو غیرآئینی قراردینے کے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں،سول سوسائٹی،میڈیا اداروں اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئین کی سربلندی کا فیصلہ دیاجو لائق تحسین ہے۔عدلیہ نے فیصلہ دے دیا کہ کوئی میڈیا اور عوام کو اندھا،بہرہ اور گونگا نہیں بناسکتا ہے ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئین میں دی گئی شہری آزادیوں اور اظہار رائے کا تحفظ دستور اور جمہوریت کا تحفظ ہے۔اعلیٰ عدلیہ نے آئین کے محافظ اور پاسدار کا تاریخی کردار ادا کیا ہے۔پیکاترمیمی آرڈیننس عمران خان کی فسطائیت اور آمریت کا اظہار تھا جو آج انجام کو پہنچا۔
مسلم لیگ نون کی ترجمان نے مزید کہا کہ پیکا جیسے کالے قانون کے سبب تاریخ عمران خان کی ہمیشہ مذمت کرتی رہے گی۔آنے والے دنوں میں عمران خان کے دور کی پھیلائی ہر سیاہی ختم ہوگی۔