اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے کا دورہ کرکے چین کی ناظم الامور محترمہ پھینگ چنگ زو سے ملاقات کی اور کراچی دھماکے پر افسوس اور تعزیت کی ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کے لئے خصوصی تعزیتی پیغام بھی تحریر کیا ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چینی سفارتخانے ناظم الامور محترمہ پھینگ چنگ زو سے ملاقات کی ۔وزیراعظم شہباز شریف نے جامعہ کراچی میں وین دھماکے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کے لئے خصوصی تعزیتی پیغام بھی تحریر کیا ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اپنے آئرن برادرزپر وحشیانہ حملے پر پوری پاکستانی قوم صدمے اور غم کی حالت میں ہے۔پورا پاکستان چین کی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور افسوس کرتا ہے۔دہشت گردی کے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی سرزمین سے ہر قسم کی دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے۔واقعے کی تیزی سے تحقیقات کریں گے اور مجرموں کو قانون کے مطابق عبرت کا نشان بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کو کل کراچی پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔مجرموں کی گرفتاری اور سزا دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔چینی باشندوں کی جان لینے والوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکائیں گے۔پاکستان اور چین کے درمیان آہنی تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے، ان عظیم دو طرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔
