Urdu
ابتک پاکستان پاکستان تازہ ترین

وزیراعظم سے سعودی، چینی، فلسطینی، عراقی اور قازق وزرائے خارجہ کی ملاقاتیں

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب، چین، قازقستان، فلسطین اور عراق کے وزرائے خارجہ نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی جس میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں افغانستان اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال زیر بحث آئی۔

وزیراعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے تہنیتی پیغام پہنچایا۔ وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

عمران خان نے اسلامی تعاون کی تنظیم کو اسلامی دنیا کے مقاصد کے لیے اہم پلیٹ فارم میں آگے بڑھانے کے لیے مملکت کے قائدانہ کردار کو سراہا اور امت کو درپیش بے شمار چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے،اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے او آئی سی کے رکن ممالک کے اجتماعی اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے منصفانہ کاز کے لیے مملکت کی مستقل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ شہزادہ فرحان نے اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔

وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے بھی ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے چینی طیارے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوطرفہ تعلقات کی رفتار اور بدلتے علاقائی، بین الاقوامی منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔پائیدار مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اس کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے بارے میں بتایا۔

عمران خان نے بھارت کی جانب سے پاکستان کی حدود میں میزائل کے نام نہاد “حادثاتی” میزائل کے بارے میں چینی وزیر خارجہ کو بھی آگاہ کیا اور پاکستان کی طرف سے مشترکہ تحقیقات کے مطالبے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا جائے کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو افغانستان میں امن و استحکام کو فروغ دینے اور وہاں انسانی بحران کو روکنے کے لیے گہرے تعلقات کو جاری رکھنا چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا دوسرا مرحلہ صنعتی ترقی، زراعت اور معلومات جیسے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کے ساتھ اقتصادی ترقی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو تقویت دے گا۔

وزیراعظم عمران خان سے عراقی وزیر خارجہ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کیا۔

وزیراعظم نے عراق کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کی جڑیں مشترکہ عقائد، مشترکہ اقدار اور ثقافتی وابستگیوں میں گہرے ہیں۔

عمران خان نے عراق کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی حکومت کی کامیابیوں کا اعتراف کیا۔

فلسطین کے وزیرخارجہ ڈاکٹر ریاض المالکی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حقوق کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیرمتزلزل حمایت کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، فلسطینی وزیرخارجہ نے فلسطین کے مسئلہ کے بارے میں بھرپورحمایت اور اصولی موقف اپنانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم عمران خان سے قازقستان کے وزیرخارجہ مختار ٹیلی بردی نے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات ، علاقائی اور بین الاقوامی امور خصوصاً افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

Related posts

متحدہ نے حکومت سے علیحدگی کا تاریخی اعلان کیا، بلاول

Rauf ansari

چار سدہ میں تحریک انصاف کا مکمل صفایا، جے یوآئی ف نے میدان مارلیا

Rauf ansari

سندھ میں اگلی حکومت تحریک انصاف کی ہوگی ، شاہ محمود قریشی

Zaib Ullah Khan

Leave a Comment