صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہبازشریف کے یوم دفاع پاکستان پر پیغامات، صدر عارف علوی نے کہا کہ آج سے 57سال پہلے افواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ وزیراعظم نے بھی افواج پاکستان کے عظیم شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ آج سے 57 سال قبل مسلح افواج اور قوم نے جارح دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، آزمائش کی اس گھڑی میں افواج پاکستان کے ساتھ ہر شہری بھی مادر وطن کی حفاظت کے لیے اٹھ کھڑا ہوا، آج میں دفاع وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر کے دن کو جرات وبہادری کی علامت اور دھرتی کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانی کے جذبے کی یاد دلاتا ہے۔ آج قوم اس سرزمین کے بہادر بیٹوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔ ہمیں اپنے ان بہادروں پر فخر ہے۔ میں قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور اپنی آزادی کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر ایسے مذموم عناصر کو شکست دیں تو کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔