نصیرآباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری بھٹو کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کے آنے سے غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔
بلوچستان کے شہر نصیر آباد جلسے سے خطاب میں بلاول زرداری نے کہا کہ قائد عوام کا نعرہ تھا مانگ رہا ہے ہر انسان روٹی کپڑا اور مکان جبکہ ہمارا نعرہ ہے چھین رہا ہے کپتان روٹی کپڑا اور مکان۔
چیئرمین پی پی کٹھ پتلی کو پیغام پہنچادیا ہے کہ پیپلز پارٹی میدان میں اترچکی ہے۔ اب عمران خان کے گھبرانے کا وقت آچکا ہے۔ حساب دینے کا وقت آچکا ہے۔ عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے اب پارلیمان کا اعتماد بھی اٹھ جانا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کی طرح میں نے بھی دکھ دیکھے ہیں۔ تکلیفیں دیکھی ہیں لیکن ہم ہتھیار نہیں بلکہ ووٹ کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔
بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کے گاؤں اللہ بخش عمرانی میں اہم سیاسی شخصیت نے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ شمولیت کے موقع پر بلاول بھٹو دیگر رہنماؤں نے جلسے سے خطاب کیا۔
