اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ ملک میں ایک سنگین سیاسی بحران منڈلا رہا ہے ۔ملک کو سیاسی و معاشی بحران سے بچانے کی ضرورت ہے ۔
صدرعارف علوی نے حکومت کی تبدیلی میں سازش کی تحقیقات اور جوڈیشل کمیشن بنانےکیلئے چیف جسٹس کے نام خط لکھا ہے۔خط میں کہاگیا ہے کہ حکومت تبدیلی کی مبینہ سازش کی تحقیقات اور سماعت کیلئے جوڈیشل کمیشن کی سربراہی ترجیحاً چیف جسٹس خود کریں۔
صدر مملکت کے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملک کو سیاسی و معاشی بحران سے بچانے کی ضرورت ہے۔پاکستان کے عوام میں بڑی سیاسی تفریق پیدا ہورہی ہے ۔اداروں کا فرض ہے کہ ملک کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے بھرپور کوششیں کریں۔
عارف علوی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ قوم سپریم کورٹ کا احترام،توقعات پر پورا اترنے کی امید کرتی ہے۔جوڈیشل کمیشن میں مبینہ سازش کے معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائے۔
جبکہ اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اٹارنی جنرل نے ملاقات کی جس میں آئینی و قانونی امور پر بات چیت کی گئی ۔ صدر نے اٹارنی جنرل سے سپریم کورٹ میں زیر سماعت صدارتی ریفرنس پر بھی گفتگو کی ۔
