کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل سےایڈمنسٹریٹرکراچی مرتضیٰ وہاب نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں اور اس ضمن میں ترجیحی امور، فنڈز کے شفاف استعمال، ترقیاتی منصوبوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے دوران ملاقات ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی آپ پر بہت بھاری ذمہ داری ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کو معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کرائیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کے ایم سی، وفاقی و صوبائی حکومتوں، کنٹونمنٹ بورڈز، دیگر تمام شہری اداروں کے ساتھ باہمی تعاون اور مربوط روابط کے تحت شہر کے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کراچی کی تعمیر و ترقی میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں۔ وفاقی حکومت کراچی سمیت صوبہ سندھ کے دیگر شہروں اور اضلاع کی تعمیر و ترقی میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
