پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کل انگلینڈ روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ ایم سی سی کرکٹ کمیٹی اور آئی سی سی کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ ایم سی سی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس 15 اور 16 جولائی کو لارڈز میں ہونا ہے، بھارتی بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی اور انگلینڈ ٹیم کے کوچ برینڈن میک کلم بھی کمیٹی کے ممبر ہیں۔
آئی سی سی بورڈ میٹنگز برمنگھم میں 23 سے 26 جولائی کو طے ہے، جس میں فیوچر ٹور پروگرام کے حوالے بات چیت ہو گی۔ رمیز راجہ کی اجلاس کی سائیڈلائنز پر سابق کرکٹرز سے بات چیت ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی لیگ کی ونڈو بڑھانے پر پاکستان اپنے تحفظات کا اظہار کرے گا جبکہ اجلاس میں رمیز راجہ چار ملکی ٹورنامنٹ کی تجویز کو مزید آگے بڑھائیں گے۔
ذرائع کے مطابق تین ملکی ٹورنامنٹس کے انعقاد کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی مختلف بورڈز سے گفتگو کریں گے۔ رمیز راجہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے بورڈز سے دورہ پاکستان کے حوالے سے پیش رفت پر بھی بات کریں گے۔
