لاہور: تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے نامزد امیدوار چوہدری پرویزالہی وزیراعلی ہوں گے،پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف ،مسلم لیگ ق اکثریت حاصل کرچکی ،چوہدری پرویزالہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کاایوان وزیراعلی کے لئے عمران خان پر اعتماد کرے گا۔
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سپیکر چوہدری پرویزالہی کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر مونس الہی، حسین الہی راجہ بشارت اور زین قریشی بھی شریک تھے ، ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب کے ا لیکشن ڈے کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیاگیا۔
اس موقع پرشاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے نامزد امیدوار چوہدری پرویزالہی وزیراعلی ہوں گے۔ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف،مسلم لیگ ق اکثریت حاصل کرچکی ہے۔ ضمنی انتخاب میں عوام نے منحرف ارکان کو نشان عبرت بنادیا ،عمران خان کے بیانیہ کی قوم نے مکمل پذیرائی کی۔
چوہدری پرویزالہی نے کہا کہ عوامی مینڈنٹ کو نقب لگانے کی کوئی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی، وفاق اورپنجاب حکومت کےانتظامی ہتھکنڈے قابل مذمت ہیں،مختصر عرصے میں شہبازشریف کے زیرسایہ حمزہ شہباز نے جو کچھ کیا تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھاجائے گا۔ پرویزالہی نے کہا ضمنی انتخاب میں عوام نے عمران خان پر اعتماد کیا ،پنجاب اسمبلی کاایوان بھی وزیراعلی کے لئے عمران خان پر اعتماد کرے گا۔
