وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں نے عمران خان پر اعتماد کرتے ہوئے ٹیلی تھان پر اربوں روپے جمع کروائے مگر حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے ٹیلی تھان روکنا چاہتی ہے۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آیا اور اب آٹے کا بحران پیدا ہونے جا رہا ہے۔
ملتان سرکٹ ہاؤس میں صوبائی وزیر میاں محمد اسلم، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب عمر چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان پر پاکستانی اعتماد کرتے ہیں عوام نے وزیر اعظم کے اکاؤنٹ میں نہیں بلکہ عمران خان کے اکاؤنٹ میں سیلاب زدگان کے لیے پیسہ جع کروایا۔ حکومت امداد پر بھی سیاست کرکے ٹیلی تھان کو روکنے کی کوشش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے روس سے سستی گندم کا مطالبہ کیا تھا مگر موجودہ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے آٹے کا بحران آئے گا۔
صوبائی وزیر میاں محمد اسلم کا کہنا تھا کہ سیاست سے عمران خان کو مائنس نہیں کیا جا سکتا عوام نے پاکستان ڈاکو موومنٹ کی 13 جماعتوں کو مسترد کر دیا ہے۔ پاکستان میں عمران خان کے بغیر سیاست کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیٹیلائیٹ کی تصاویر کی مدد سے سیلاب سے ہونے والے نقصان کا تخینہ لگا رہے ہیں حکومت پنجاب متاثرین کو نقصان کے بدلے رقم ادا کرے گی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخابات کے لیے 9 اکتوبر تاریخ رکھنے سے پہلے خیال کرنا چاہیے تھا۔ 9 اکتوبر کو عید میلاد النبی ہے اور اس دن الیکشن کروانا ٹھیک نہیں یہ پاکستان ہے ہندوستان نہیں۔ الیکشن 9 اکتوبر سے دو دن پہلے یا بعد میں کروائے جائیں۔