Urdu
ابتک پاکستان پاکستان تازہ ترین

شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے سے متعلق پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت عدالت میں بیان دیتے ہوئے شہباز گل نے بتایا کہ ایس پی نوشیروان مجھے لے کر آئے اور کہا کہ آپ کی ضمانت ہو گئی ہے،مجھے اسکرین شاٹ دکھایا گیا اور کہا گیا کہ ضمانت ہو گئی، مچلکے جمع کرانے ہیں، مجھے پرائیویٹ گاڑی میں بٹھاکر عدالت لایا گیا، پچھلی رات سے دیکھیں میرے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔

جج نے ریمارکس دیے کہ کیا آپ نے ڈاکٹرز کو دکھایا، ہم تو میڈیکل نہیں بتا سکتے۔شہباز گل نےکہا کہ کل رات سے میں بھوک ہڑتال پر ہوں، مجھ سے کسی کو نہیں ملنے دیا جا رہا، ل رات 12 بندے میرے کمرے میں آئے،مجھے پکڑا اور زبر دستی کیلا کھلایا اور جوس پلایا۔ عدالت کی ہدایت پر پولیس شہباز گل کو واپس سفید چادر میں ڈال کر عدالت سے لی گئی اور عدالت نے سماعت ڈیڑھ بجے تک ملتوی کردی۔

وقفے کے بعد سماعت شروع ہوئی تو پولیس نے انہیں پھر عدالت میں پیش کیا جس دوران شہباز گل نے روسٹرم پر آکر بولنا شروع کردیا۔ شہباز گل نے کہا کہ پچھلے 5 دن سے کپڑے نہیں دیے گئے، پانچ دنوں سے میں نہایا نہیں ہوں، میرے گھر سے کپڑے دے کر گئے وہ انہوں چھین لیے، پچھلے 4 روز سے میں بھوک ہڑتال پر ہوں۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 15 دن ہوگئے مقدمہ درج ہوئے، ابھی تک عبوری چالان بھی نہیں آیا، ملزم شہبازگل پہلے دن سے ان کے قبضے میں ہے۔

شہبازگل نے بیان دیا کہ برہنہ کرکے تشدد کیا گیا، اس پر جج نے سوال کیا کہ کیا یہ ساری چیزیں آپ ہائیکورٹ کے سامنے نہیں لائے؟ بابر اعوان نے جواب دیا کہ جی بالکل ہائیکورٹ کے سامنے سب کچھ لائے ہیں۔ سپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں فیصلہ محفوظ ہے۔بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شہباز گل کو 2 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا اور ملزم کو 24 اگست کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

Related posts

سندھ ہاؤس ضمیر فروشی کا مرکز بنا ہوا ہے، مراد سعید

Rauf ansari

آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر

ibrahim ibrahim

اب حقیقی تبدیلی آئے گی، عبدالعلیم خان

Zaib Ullah Khan

Leave a Comment