وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہےکہ ہماری اولین ترجیح لوگوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کرنا ہے۔جو ممکن ہوگا وہ ریلیف فراہم کریں گے۔ کسی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات سندھ ونگراں براء ریلیف امور حیدرآباد شرجیل انعام میمن نے تعلقہ دیہی میں زیرآب مختلف دیہات کا دورہ کرکے امدادی کاموں کا جائزہ لیا اور مکینوں سے مسائل دریافت کیے اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح لوگوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقلی ہے کسی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے ہم الرٹ ہیں سکھر اور گڈو بیراج سے پانچ لاکھ کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے آئندہ چند روز میں ان بیراجوں سے 6 لاکھ کیوسک سے زائد کا ریلا گزرنے کا امکان ہے اس وقت کوٹری بیراج پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے محکمہ آبپاشی حکام حفاظتی پشتوں کی 24 گھنٹے کڑی نگرانی کررہے ہیں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام الرٹ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے کچے کا علاقہ دونوں اطراف سے ڈوب چکا ہے لوگوں کے انخلاء میں پاک آرمی اور پاک نیوی بھی سول انتظامیہ کی معاونت کررہی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی بھی اپنے اپنے حلقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف امور کی نگرانی کررہے ہیں۔
