صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ ہم نے بارشوں سے قبل اقدامات اٹھالیے تھے صورتحال دیکھی جاسکتی ہے۔ راہوکی شاخ پر پڑنے والے تمام شگاف بند کردیے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے حیدرآباد میں راہوکی شاخ کا دورہ کیا۔شرجیل انعام نے راہوکی شاخ میں پڑنے والے مختلف شگاف کے مرمتی کام کا جائزہ لیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا راہوکی شاخ پر پڑنے والے تمام شگاف بند کردیے گئے ہیں۔ دادو میں جوہی اور کے این شاہ کی حالت خراب ہے۔
انہوں نے کہا اس وقت پورا پاکستان ایک آواز ہے، پاک آرمی، نیوی، حکومت سب غریبوں کی مدد کررہے ہیں، ماسوائے ایک سیاسی پارٹی جس کا نام صرف فتنہ ہے۔ سیلابی صورتحال میں بھی پی ٹی آئی کے لوگ جھوٹی خبریں چلارہے ہیں۔ جھوٹی خبریں پھیلانے کے معاملے پر ہم نے ایف آئی اے سے بھی رجوع کیا ہے۔ پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے کہ بدنام کرو اور کام ہورہا ہے تو پروپیگنڈا کرو۔ اس مشکل وقت بھی اگر کوئی سیاست چمکارہا ہے تو شرم کی بات ہے۔
