شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ صوبے میں متاثرین کے لئیے 1718 ریلیف کیمپ کام کررہے ہیں ان ریلیف کیمپوں میں پانچ لاکھ سے زائد سیلاب متاثرین کو منتقل کیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں 296 شہید بے نظیر آباد میں 579 میرپور خاص میں 52 سکھر میں 269 ریلیف کیمپ ہیں جبکہ لاڑکانہ میں 481 اور کراچی میں 41 ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔
ان ریلیف کیمپس میں 534955 متاثرین کو منتقل کیا گیا ہے متاثرین کو کھانا، پانی، ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں متاثرین میں اب تک 212505 ٹینٹ تقسیم کئے گئے ہیں 1541937 مچھر دانیاں بھی دی گئی ہیں متاثرین کو 4493 فولڈنگ بستر اور 1350 چولہے بھی تقسیم کئے گئے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے مخیر حضرات اور فلاحی اداروں سے امدادی سامان کی تقسیم کے لئیے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بارشوں کے دوران اب تک 638 افراد ہلاک جبکہ 8321 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ صوبے میں 191247 مویشی بھی ہلاک ہوچکے ہیں بارشوں کے باعث 780 سڑکوں کا 8431 کلو میٹر حصہ تباہ ہوا ہے جبکہ 180 پلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔