سکھر: سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا، جبکہ جی ڈی اے دوسرے اور پی ٹی آئی تیسرے نمبر پر ہے۔
سندھ کے چودہ اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں اب تک کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے میونسپل کمیٹی کی 161 نشستیں جیت لیں، آزاد امیدوار 16 نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں، جب کہ جی ڈی اے کو 14 نشستیں ملی ہیں، پی ٹی آئی کو 6 اور جے یو آئی کے حصے میں 5 نشستیں آئی ہیں۔
ٹاؤن کمیٹیوں میں پیپلزپارٹی 305 نشستوں کے ساتھ آگے ہے، جی ڈی اے کے 49 امیدوار اور 38 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ جبکہ پی ٹی آئی کے 8، جے یو آئی کے 6 اور دیگر جماعتوں کے 7 امیدوار کامیاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں مختلف شہروں میں تصادم کے واقعات رونما ہوئے۔ ٹنڈو آدم اور روہڑی میں دو افراد جاں بحق ہوئے۔ مختلف پرتشدد واقعات میں 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے جن پولنگ اسٹیشنز پر تعطل آیا تھا وہاں پولنگ کے دورانیہ میں اضافہ کردیا تھا۔
