اسلام آباد: مسلم لیگ نون کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ گرتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائرکو استحکام دینا سب سے زیادہ ضروری ہے۔ اس سال کرنٹ اکاونٹ خسارہ ریکارڈ سطح پر ہوگا۔ آئی ایم ایف سے دوبارہ بات کریں گے۔
سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے لیگی رہنماؤں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم مایوسی نہیں پھلانا چاہتے مگرکچھ چیزیں بتانا ضروری ہیں۔ تحریک انصاف انتہائی گھمبیر مسائل چھوڑ کر گئی۔ انہوں نے ترقیاتی بجٹ بھی 900 ارب سے 700 ارب روپے کر دیا۔ پاکستان کا تجارتی خسارہ اس سال 45 ارب ڈالر رہنے کا خدشہ ہے۔ سابق حکومت نے کہا تھا 4 ہزار ارب روپے کا خسارہ ہوگا۔ اس وقت حکومت کا بجٹ خسارہ 5ہزار600 ارب روپے کا ہے۔ شہبازشریف پوری کوشش کریں گے کہ خسارہ کنٹرول کریں۔
محمد زبیرکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں روپے کی قدر میں بہت زیادہ کمی کردی گئی۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہم غریب کے مفاد میں پالیسیز بنائیں گے۔
نون لیگ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے نجی اداروں سے تنخواہوں میں10فیصد بڑھانے کی اپیل کی۔ میڈیا ہاوسز مالکان سے بھی اپیل ہے کہ وہ ورکرز کی تنخواہیں بڑھائیں۔