توشہ خانہ کیس، سماعت سات ستمبر تک ملتوی

توشہ خان کیس میں عمران خان کی نااہلی کے ریفرنس میں تحریک انصاف کے وکیل نے جواب جمع کرانے کےلیے پھر مہلت مانگ لی۔ الیکشن کمیشن نے ایک ہفتے میں جواب جمع کرانے کی بھی ہدایت کردی۔

الیکشن کمیشن میں توشہ خانہ تحائف ظاہر نہ کرنے پر عمران خان نااہلی ریفرنس پر سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے کی۔ عمران خان کی وکیل بیرسٹر علی ظفر پیش نہ ہوئے۔

معاون وکیل بیرسٹر گوہر نے کمیشن کو بتایا کہ علی ظفر لاہور میں ہیں اس لئے ان سے مشاورت نہیں ہو سکی۔ کوشش ہوگی آئندہ سماعت تک جواب جمع کروا دیں۔ ذاتی طور پر وقت مانگ رہا ہوں کمیشن دو ہفتے دے دے۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر بولے سارا کچھ تو ریکارڈ کا حصہ ہے اتنا وقت لگنا نہیں چاہیے۔ تحریک انصاف کے وکیل کی مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ عمران خان پچھلی گلی سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ آئندہ تاریخ پر تحریک انصاف والے کہیں گے ہمارے اکاؤنٹنٹ کا دفتر بھی سیلاب میں بہہ گیا ہے مزید وقت دیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More