لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے لاہور پریس کا دورہ کیا جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت میں صحافیوں پر بدترین تشدد کیا گیا ،انکے پروگرامز بند کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ پریس کلب کے مسائل سے آگاہ ہوں، صحافی بھائیوں کے لئے جو ہوسکا وہ کریں گے۔
عمران خان کےایبٹ آباد جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج بھی عمران خان نے اپنی تقریر میں غلاظت انڈیل،آج پھر وہ کنٹینر والی زبان استعمال کررہے تھے تاکہ کوئی ان سے ان کی کارکردگی کا سوال نہ پوچھے۔ اگر پاکستانی نوجوانوں کی تربیت عمران خان نے کرنی ہے تو والدین توبہ شروع کردیں۔ وہ آج بھی سیاسی مخالفین پر الزام تراشی کررہے ہیں،چار سالہ اقتدار میں ریکارڈ ہونے کے باوجود الزام ثابت کیوں نہیں کئے۔ اگر کوئی چور اور جھوٹا ہے تو وہ عمران خان ہیں۔انہوں نے عوام سے کئے وعدوں میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا،ملک میں مہنگائی کی لہر کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔
عمران خان کے بیرونی سازش کے بیانیے پر طنز کرتے ہوئے مریم ا ورنگزیب نے کہا کہ آپ نے کون سا ایٹم بم بنایا جو آپ کے خلاف سازش ہونی ہے۔ غیر ملکیوں سے غیر قانونی پیسے لینا سازش ہے،پاکستانی عوام عمران خان کی بہروپی شکل کو جان چکے ہیں۔ ملک کے خلاف سازش ہوئی تو وہ عمران خان نے کی ہے۔ عوام کشکول لے کر پاکستان کو بھکاری بنانے کا جواب مانگ رہے ہیں۔ نوجوان سوال کررہے ہیں کب تک جھوٹ بولو گے؟۔
حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا شہباز شریف نے آپ کی طرح کشکول لے کر دوسروں کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائے۔شہبازشریف نے پلانٹس کی مرمت کروا کے چلوائے۔ انہیں شہبازشریف کی کارکردگی کا خوف ہے۔