اسلام آباد: سابق صدر پاکستان آصف زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ کو نکالنے کا وقت آگیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کو میں بہت جلد نکالوں گا۔
ڈی چوک اسلام آباد پر پیپلزپارٹی کے عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر پاکستان آصف زرداری نے کہا کہ آج بلاول کے ساتھ آپ کا پیار اور محبت دیکھی میرا دل بہت خوش ہوا۔ وقت آگیا ہے کہ سلیکٹڈ کو باہر نکالیں۔ جمہوری قوتوں کو مل کر ملک کو آگے لے جانا پڑے گا۔
آصف زرداری نے کہا کہ مائنس سلیکٹڈ۔ اس کو باہر نکالیں گے اور آپ کی حکومت لائیں گے۔ اس کو میں بہت جلد نکالوں گا۔ اگر اس کو رہنے دیا تو نہ آنے والی نسلیں معاف کریں گی نہ ہماری قبریں۔
اس سے پہلے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لاکھوں کا یہ سمندر قوم کا ترجمان ہے۔ لاکھوں کا یہ سمندرعمران خان سے استعفیٰ لینے کے لیے اسلام آباد پہنچا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی سے 27 فروری کو نکلے اور پھر تعداد میں اضافہ ہوتا رہا۔ جیالے جو کہتے ہیں وہ کر کے دکھاتے ہیں۔ آپ تین سال سے اس کٹھ پتلی سے ٹکرا رہے ہیں۔ ہم نے اسے پہلے دن ہی بے نقاب کر دیا تھا۔ اور بتایا تھا کہ یہ الیکٹڈ نہیں سلیکٹڈ ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اب میں عمران خان کو ایک دن بھی چین سے نہیں بیٹھنے دوں گا۔