وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے سیلابی صورتحال کو قومی ایمرجنسی قرار دے دیا۔ کہتی ہیں متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے پوری قوم خاص طور پر بیرون ملک پاکستانیوں کے عطیات کی ضرورت ہے۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے سیلابی صورتحال کو قومی ایمرجنسی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ سندھ اور بلوچستان میں غیرمعمولی تباہی کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے قومی جذبہ دکھانا ہوگا۔ متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے پوری قوم خاص طور پر بیرون ملک پاکستانیوں کے عطیات کی ضرورت ہے۔ بہت بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کی وجہ سے خطیر رقم درکار ہوگی۔ وفاقی حکومت، صوبوں کے ساتھ مل کر بھرپور کوششیں کر رہی ہے، وسائل کو موبلائز کیا جا رہا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تیز بارشوں اور شدید سیلابی ریلوں کی وجہ سے ریلیف کے کاموں میں مشکلات آ رہی ہیں۔ عوام کی مدد سے متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کے عمل کو تیز بنایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم فلڈ ریلیف اکاؤنٹ 2022 میں عطیات جمع کرانے کی تفصیلات پہلے ہی جاری کی جاچکی ہیں۔ عطیات تمام کمرشل بینکوں میں نقد بھی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ بینکوں کے ڈراپ باکس میں کراس چیک، موبائل اور انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایمز، اے بی ایف ٹی، راست کے ذریعے بھی جمع کروائے جاسکتے ہیں۔
