پاکستان تحریک انصاف کے سینیر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کہتے ہیں کہ جاوید لطیف نے توہین مذہب کے حوالے سے عمران خان پر جھوٹے الزامات لگائے ویڈیوز ایڈٹ کر کے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ پیر نورالحق قادری کہتے ہیں کہ عمران خان نے دور حکومت میں اسلام اور نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم کی ذات کی سربلندی کے لئے کام کیا۔ میں نے عمران خان کی مذہب سے متعلق سوچ سے متاثر ہوکر انہیں جوائن کیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کی پریس کانفرنس کے خلاف ردعمل پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قائدین کی خیبر پختنخوا ہاوس اسلام آباد میں پریس کانفرنس۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف ریاست کے وسائل استعمال کر کے مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ عمران خان لوگوں کے دلوں میں رہتا ہے ان کی ایسی تمام گھناونی کوششیں رائیگاں جائیں گی۔
پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر افتخار درانی کا کہنا تھا کہ عمران خان پر آج ذاتی حملہ کیا گیا آج پھر ن لیگ نے گھناؤنا کھیل کھیلا ہے اب بات بہت آگے نکل گئی ہے، ہماری ایسی تربیت نہیں ہے اگر ہم نے یہ کام شروع کردیا تو ن لیگ والے گھر سے نہیں نکل سکیں گے۔
سابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ جاوید لطیف نے مسلم لیگ ن کی عمران خان کے خلاف مذہبی منافرت کی پوری مہم ترتیب دی۔ یہ ملک کو بہت خطرناک جنگ کی طرف لے جارہے ہیں۔ عمران خان نے حضور صلی اللہ علیہ سے محبت کو ایمان کا حصہ سمجھ کر اس جنگ کو عالمی سطح پر لڑا۔
