Urdu
ابتک پاکستان پاکستان تازہ ترین

پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس، عطا تارڑ اور دیگر نامزد افراد کی ضمانتوں میں توسیع

لاہور کی سیشن عدالت نے پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ سمیت مقدمے میں نامزد لیگی ایم پی ایز کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی۔ عدالت نے ملزموں کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے انیس ستمبر کو تفتیشی رپورٹ طلب کرلی۔

پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ، ایم پی اے سیف الملکوک کھوکھر، رانا مشہود، اویس لغاری عدالت میں پیش ہوئے۔ لیگی ایم پی اے مرزا جاوید، بلال فاروق تارڑ، منان خان، رخسانہ کوثر سمیت مقدمے میں نامزد ملزمان نے بھی حاضری مکمل کروائی۔

لیگی رہنماؤں نے سیشن عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔ عطا تارڑ کی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ انیس اگست کو مدعی کے تتیمہ بیان میں مقدمہ میں نامزد کیا گیا۔ پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی اور اقدام قتل کے الزام سے کوئی تعلق نہیں۔ درخواستگزاروں کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں بلاجواز اور سیاسی بنیاد پر نامزد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے ایم پی ایز بھی مقدمہ میں نامزد تھے جنہیں بے گناہ قرار دے دیا گیا۔ درخواست گزاروں کے مطابق پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس سے کوئی تعلق نہیں انھیں گرفتاریوں کا خدشہ ہے لہذا مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے کیلئے عبوری ضمانتیں کنفرم کی جائیں۔

پولیس نے نامکمل تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی۔ عدالت نے لیگی رہنماؤں کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ملزموں کی عبوری ضمانتوں میں انیس ستمبر تک توسیع کردی۔ عدالت نے تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس کو مقدمے میں نامزد لیگی رہنماؤں کو گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

سیشن عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں ملوث ایک شخص شامل تفتیش ہونے کے لئے تیار نہیں جبکہ پنجاب میں پرویز الہیٰ اور انکے صاحبزادے عمران نیازی کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے وسائل کو فوج اور عدلیہ کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔

Related posts

آرمی چیف سے روس کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کی ملاقات

Rauf ansari

پاکستان اور جرمن ترقیاتی بینک کے درمیان معاہدہ، قرض ادائیگی میں رعایت

Rauf ansari

ہم امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں

Hassam alam

Leave a Comment