عمران خان ہمارے لیے چٹکی بھی نہیں،فضل الرحمان

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان ہمارے لیے چٹکی بھی نہیں، انہیں بلا بنا کر پیش نہ کیا جائے۔ ادارے خاموش بیٹھ جائیں تو کوئی بحران نہیں ہے۔

اپنے ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم عمران خان کی اوقات جانتے ہیں، وہ ہمیں جانتا ہے، ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ملک کو بحران میں کون مبتلا کر رہا ہے کھل کر بات کرنی چاہیے، حکومت کو کہا جاتا ہے کہ ہدایات پر چلنا ہے ورنہ بحران پیدا کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف 3 بار وزیراعظم اور شہباز شریف تین مرتبہ وزیر اعلیٰ رہے ہیں، ن لیگ کے لوگ وزیر رہ چکے ہیں، سب معززین ہیں، ایک ایک کو پکڑ کر جیل میں ڈالا، گالیاں دیں، بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔

فضل الرحمان نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت میں جو گھپلے ہوئے اس پر ہم کیوں خاموش ہیں، یہ میری اپنی حکومت سے شکایت ہے، عمران خان میں صلاحیت ہی نہیں کہ وہ کسی کو مجبور کرسکے، عمران خان اتنی بڑی سیاسی قوت نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نہ سافٹ مداخلت اور نہ ہارڈ مداخلت تسلیم کرتے ہیں، ہمیں آئین کے مطابق اپنا کام کرنے دیا جائے۔ جو چیز ان کے لیے ٹھیک تھی، آج وہی چیز ہمارے لیے گناہ بن گئی ہے، سیاستدانوں اور پارلیمنٹ کو کام کرنے دیا جائے، روز روز کی مداخلتیں ملکی نظام کو معطل کر دیتی ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More