لاہور: ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ مرتضی وہاب کا بیان فیڈریشن کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔پیپلز پارٹی کو سندھ کےعوام کا احساس ہے نہ ہی مریضوں کا۔سندھ کے اسپتالوں میں آج بھی لوگ بے یارومددگار نظر آتے ہیں۔
پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نےمرتضی وہاب کی پریس کانفرنس پرردعمل دیتےہوئےکہاکہ مرتضی وہاب نیاپاکستان قومی صحت کارڈ پرتنقید کرنے سے پہلے سندھ کے تباہ حال ہیلتھ سسٹم کودیکھ لیں۔نیاپاکستان قو می صحت کارڈ تحریک انصاف کی حکومت کاتاریخ ساز منصوبہ ہے ۔ملکی تاریخ میں آج تک کوئی حکومت ایسا انقلاب آفرین پروگرام نہیں دے سکی۔
حسان خاور نے کہا کہ مارچ تک پنجاب کے ہرخاندان کو صحت کارڈ کےتحت مفت علاج کی سہولت ہوگی۔پنجاب میں ہر صوبے سے مریض علاج کیلئےآتےہیں۔پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کی حیثیت سے دکھی انسانیت کےزخموں پر مرہم رکھا ہے۔ آج تک صوبائیت کی سیاست کی اور نہ ہی کریں گے۔