وفاقی وزیر برائے موسمیات شیری رحمان کہتی ہیں پاکستان ہے تو ہم ہیں اس وقت پاکستان خود خطرے میں ہے۔ موجودہ سیلاب صدی کا سب سے بڑا سانحہ ہے۔ امید ہے تاریخ ایسا سانحہ کبھی نہیں دوہرائے گی۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ 2010 میں بھی بڑا سیلاب آیا، لیکن موجودہ سیلاب کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ یہ صدی کا سب سے بڑا سانحہ ہے۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کئی علاقوں میں اب بھی پانی کھڑا ہے جو کہیں نہیں جا رہا۔ ہیلی کاپٹرز مسلسل لوگوں کو ریسکیو کررہے ہیں۔ سیلاب سے نمٹنے کے لیے حکومت کو بہت زیادہ پیسے کی ضرورت ہے۔ہمارے پاس وسائل کی بڑی قلت ہے۔
وفاقی وزیر شیری رحمان کا کہنا تھا کی موسمیاتی تبدیلی ہمارے لائف سٹائل پر اثر رکھتی ہے، موسمیاتی تبدیلی ہماری نیشنل سکیورٹی سے منسلک ہو چکی ہے، ہمیں سانحات سے نمٹنے کے لیے بیشتر اقدامات کرنا پڑیں گے۔