سوات: خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے حلقہ پی کے 7 پر ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فضل مولا کامیاب ہوگئے ہیں۔
پی کے 7 سوات کے مکمل124پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے فضل مولا 18ہزار 42 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ہیں۔
جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے حسین احمد 14ہزار 665 ووٹ لیکر دوسرے نمبرپر رہے۔
سوات کے حلقہ پی کے 7 پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فضل مولا اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے حسین احمد خان سمیت 4 امیدوار مد مقابل تھے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پی کے 7 میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 83 ہزار 308 ووٹرز کے لیے 124 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گےتھے۔
مذکورہ نشست اے این پی کے وقار خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس پر آج صبح 8 بجے پولنگ کا عمل شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔
